بیریسٹر گوہر نے موجودہ سسٹم کے خاتمے کا مطالبہ کیوں کر دیا؟

فہرستِ مضامین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی نظام عوامی اعتماد سے محروم ہو چکا ہے، اس لیے اب پورے سسٹم کو ری سیٹ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ایک اہم اتحادی کی جانب سے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دینا انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومتی اتحاد ہی وزیراعظم کی قانونی و سیاسی حیثیت پر سوال اٹھا رہا ہے تو وزیراعظم کو فوری طور پر قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنی اکثریت اور اعتماد دونوں کھو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خاموشی نے سیاسی صورتحال کو مزید واضح کر دیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت نہ صرف اخلاقی جواز سے محروم ہو چکی ہے بلکہ آئینی، قانونی اور جمہوری بنیادوں پر بھی اپنی حیثیت برقرار رکھنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ نظام عوام کا اعتماد کھو بیٹھا ہے، اس لیے نئی سیاسی انجینئرنگ کے بجائے عوام سے تازہ مینڈیٹ حاصل کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے عوامی رائے کو فیصلہ کن حیثیت دی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آئین میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کا واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی تاکہ قومی مفاد میں اتفاق رائے کے ذریعے سیاسی تعطل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے عوامی مطالبات کو بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ ان کے بقول سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت پر کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہیے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ موجودہ نظام کو اس نہج تک پہنچانے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں