بیوی کے قتل کا اعتراف کرنے والا شخص خود تھانے پہنچ گیا، پولیس بھی حیران رہ گئی

فہرستِ مضامین

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے نے پولیس اور عوام دونوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا، جہاں ایک 64 سالہ شخص مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خود تھانے پہنچ گیا اور جرم کا اعتراف کر لیا۔

پاکستان بازار چوک تھانے کے سب انسپکٹر احمد علی چانڈیو کے مطابق جب مذکورہ شخص صبح کے وقت تھانے آیا اور اپنی 58 سالہ اہلیہ کے قتل کا دعویٰ کیا تو ابتدا میں پولیس اہلکاروں کو یقین نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی قاتل کا خود چل کر تھانے آنا اور گرفتاری پیش کرنا غیر معمولی بات تھی، اسی لیے انہوں نے ملزم کی ویڈیو بنا کر اپنے افسران کو بھیج دی۔

پولیس کے مطابق گفتگو کے دوران ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس نے گھریلو تنازع کے دوران اپنی اہلیہ پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

بعد ازاں پولیس ٹیم ملزم کو ساتھ لے کر اورنگی کے علاقے غازی آباد میں واقع اس کے گھر پہنچی، جہاں گھر کے اندر ایک کمرے میں بستر پر خاتون کی لاش موجود تھی۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق مقتولہ کے بیٹوں نے اپنے والد کے خلاف مقدمہ درج کرانے سے انکار کیا، جس کے بعد ریاست کی جانب سے کارروائی شروع کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ رات گئے میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس نے غصے میں آ کر مبینہ طور پر لوہے کی راڈ اور ایک دھار دار آلے سے حملہ کیا۔

جمعہ کو ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے مزید تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفتیشی افسر دوست خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان گزشتہ چند برسوں سے تعلقات کشیدہ تھے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ملزم کی تھانے میں بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کرتا دکھائی دیتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں