پاکستان کی معروف گلوکارہ نصیبو لعل نے دادی بننے کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ خوشخبری شیئر کی ہے۔ سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں 56 سال کی عمر میں بیٹے کی پیدائش کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، جن میں نصیبو لعل کے شوہر اور نومولود کے ساتھ ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی۔
فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں نصیبو لعل نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا: “الحمد للہ میں دادی بن گئی”۔ اس سے قبل گلوکارہ نے اپنے مداحوں سے نومولود بیٹے کے لیے خوبصورت اور منفرد نام تجویز کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔
مزید برآں، سوشل میڈیا پر نصیبو لعل کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں وہ اسپتال میں اپنے گانے “کدی تے ہنس بول وے” کے ساتھ خوشی کا اظہار کرتی نظر آئیں۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے اپنے پوتے کی پیدائش کی خوشی میں اسپتال کے عملے کو بھی یہ گانا سنایا۔