بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنو نے اداکارائوں کی ہر وقت ہر اینگل سے تصاویر کھینچنے والے افراد پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کسی کو سمجھنا چاہیے کہ میں اداکارہ اور انسان ہوں، قطب مینار نہیں کہ ہر کوئی، ہر اینگل سے تصاویر کھینچے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ اپنی بہن کے ساتھ گھومنے کے لیے باہر جا رہی تھیں کہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار شخص نے انہیں دیکھ کر اپنا موبائل فون نکال کر ان کی تصویر کھینچنا شروع کی تو انہیں غصہ آگیا۔
تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ مرد مداح کی جانب سے موبائل کے ذریعے تصویر کھینچے جانے پر وہ غصے میں آگئیں اور انہوں نے ایسی حرکت کرنے والے شخص کو انتہائی غصے میں کہا کہ ’وہ اپنی فون بند کرکے جیب میں رکھیں، ورنہ وہ اسے توڑ دیں گی‘۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ تصویر کھینچنے والے شخص کو ایسی دھمکی دینے کے بعد انہیں بھی اپنے رویے پر حیرت ہوئی اور انہوں نے سوچا کہ دھمکی دینے والی خاتون وہ نہیں ہیں۔
تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس شخص کا رویہ انتہائی غلط نہیں تھا، تاہم انہیں یہ عمل مناسب نہیں لگا۔
اداکارہ کے مطابق اگرچہ وہ ایک اداکارہ ہیں اور ان کی حیثیت ایک عوامی شخصیت جیسی ہے، تاہم وہ قطب مینار نہیں ہے کہ ہر کوئی آکر ان کی تصاویر کھینچے۔