اسلام آباد، 27 اپریل 2026: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے میڈیکل طلبہ میں مبینہ خودکشی کے حالیہ واقعات، بالخصوص میرپورخاص کے محمد میڈیکل کالج کی تیسری سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی افسوسناک موت، کی تحقیقات میں تیزی لا دی ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے واقعے کی شفاف اور آزادانہ جانچ کے لیے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو معاملے کی متوازی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ تمام شواہد اور معلومات کو جامع انداز میں اکٹھا کیا جا سکے۔
اسی سلسلے میں کونسل کی ایک سینئر افسر نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی، تعزیت کا اظہار کیا اور واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات حاصل کیں۔ افسر نے اہلخانہ سے تفصیلی گفتگو کی، جس کی رپورٹ بعد ازاں باضابطہ طور پر جمع کروا دی گئی ہے اور فی الحال زیرِ غور ہے۔
اہلخانہ کے مطابق طالبہ واقعے سے قبل کئی روز سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، جس کی بنیادی وجہ مبینہ طور پر بعض افراد، بشمول ساتھی طلبہ کی جانب سے مسلسل ہراسانی بتائی گئی ہے۔ اہلخانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے کالج انتظامیہ کو شکایات سے آگاہ کیا تھا تاہم ان کے مطابق کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
کونسل کو متعلقہ ادارے اور حکام سے مکمل ریکارڈ طلب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس میں واقعے کی تفصیلات، داخلی و سرکاری انکوائری رپورٹس اور کالج انتظامیہ کے اقدامات شامل ہیں۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی تعلیمی ادارے کی جانب سے محفوظ ماحول فراہم کرنے یا اینٹی ہراسمنٹ نظام پر عمل درآمد میں ناکامی ثابت ہوئی تو اسے قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے تمام میڈیکل و ڈینٹل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں نہ صرف قائم کی جائیں بلکہ انہیں مؤثر اور طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بھی بنایا جائے۔ طلبہ کو یہ بھی سہولت دی گئی ہے کہ وہ ادارہ جاتی نظام کے ناکام ہونے کی صورت میں براہِ راست پی ایم اینڈ ڈی سی کی ہراسمنٹ کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر کے میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں طلبہ کی حفاظت، عزتِ نفس اور ذہنی صحت کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا بدانتظامی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔