کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت میں توسیع کی درخواست پر سندھ حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی کارروائی مکمل کرنے کیلئے سندھ حکومت سے 15 اکتوبر تک مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے، تاہم اس درخواست پر ابھی تک منظوری نہیں دی گئی۔
میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن 24 اگست کو جاری کیا گیا تھا، جبکہ کمیشن نے 27 اگست کو باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا۔
کمیشن کو ابتدائی طور پر ایک ماہ کے اندر کیس کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنا تھی۔ اس حساب سے کمیشن کی مقررہ مدت 27 ستمبر کو مکمل ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مزید اہم افراد کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ کمیشن نے 28 ستمبر کو تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور سی پی ایل سی کے نمائندے کاشف کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا ہے۔
تاہم کمیشن کی موجودہ مدت 27 ستمبر کو ختم ہونے کے باوجود 28 ستمبر کی کارروائی مقرر ہے، جس کے باعث مدت میں توسیع کا معاملہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن نے مزید کارروائی اور تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مدت 15 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی ہے، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے تاحال اس درخواست پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
یوں کمیشن کی مدت ختم ہونے میں ایک روز باقی رہ جانے کے باوجود توسیع کے معاملے پر حکومت کی جانب سے فیصلہ نہ ہونے کے باعث آئندہ کارروائی کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہوسکی۔