ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں پہلے ہی ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ مزید برآں 2 جولائی سے خلیج بنگال سے نمی سے بھرپور ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ میں 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قریبی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش برس سکتی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی تک بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا۔ اسی طرح یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور پشاور میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، متعلقہ اداروں اور سیاحوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔