ثالث کی درخواست پر پاکستان نےافغانستان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کردی

فہرستِ مضامین

استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع ہونے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے مذاکراتی عمل بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پاکستانی وفد کی آج واپسی متوقع تھی، تاہم ترکیہ حکام کی درخواست پر وفد نے استنبول میں ہی قیام برقرار رکھا۔ اس دوران افغان حکام نے بھی سفارتی سطح پر رابطے بحال کیے، جس کے نتیجے میں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کے مطابق ترکیہ کی خواہش ہے کہ اس کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں۔ پاکستانی وفد نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ استنبول میں قیام بڑھا کر مذاکراتی عمل کو دوبارہ آگے بڑھائے گا تاکہ امن کو ایک اور موقع دیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات پاکستان کے مرکزی مطالبے پر مرکوز ہوں گے، جس میں افغانستان سے دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ شامل ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مذاکرات میں پاکستانی وفد وہی ارکان شامل ہوں گے جو پہلے مذاکرات میں شریک تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا تھا کہ استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں