جام صادق پل 38 فیصد مکمل، سندھ حکومت کا یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں پیش رفت کا دعویٰ

فہرستِ مضامین

کراچی ( ڈبلیو ٹی این مانیٹرنگ ) سندھ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی موبیلٹی پروجیکٹ (کے ایم پی) جو یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کا ایک منصوبہ ہے، جس میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جام صادق پل پر 38 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بسوں کی خریداری اور نظام کو فعال کرنے کی تیاریوں کا آغاز رواں سال کے آخر تک کردیا جائے گا۔

یہ پیش رفت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس میں عالمی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما آمگابازار، صوبائی وزرا اور عالمی بینک کے سینئر افسران شریک تھے۔

اجلاس میں سندھ حکومت کے عالمی بینک کے 3.86 ارب ڈالر کے پورٹ فولیو کا جائزہ لیا گیا جس میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ، شہری نظم و نسق اور ٹرانسپورٹ کے 13 جاری منصوبے شامل ہیں، اس منصوبے کا مقصد کراچی کے اہم راستوں میں یلو لائن بی آر ٹی کے ذریعے نقل و حرکت، رسائی اور تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔

جام صادق پل

 صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے اجلاس کو بتایا کہ پل کی تعمیر جولائی 2024 میں شروع ہوئی تھی اور اب تک 38 فیصد جسمانی پیش رفت ہوچکی ہے۔ فیز ون کی تکمیل 31 اگست 2025 تک متوقع ہے۔

شرجیل میمن نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبے کے دو ڈپو بھی زیر تعمیر ہیں۔ ڈپو نمبر 1 (اکتوبر 2024 سے) اور ڈپو نمبر 2 (ستمبر 2024 سے) میں 16 فیصد پیش رفت ہوچکی ہے جہاں زمین کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کا کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 12 کلومیٹر پر محیط ہے اور اس کا بجٹ 100 ملین ڈالر ہے۔ عالمی بینک نے مئی 2025 میں بولی کے دستاویزات کی منظوری دی تھی۔ بولیوں کی مدعو کرنے کا عمل جاری ہے، جس میں پیکیج 3 بی کی آخری تاریخ 29 اگست 2025 رکھی گئی ہے۔ ایک جامع روڈ سیفٹی آڈٹ بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ

 اجلاس کو بتایا گیا کہ بسوں کی فراہمی کے لیے پی پی پی ایڈوائزری فیز ون، جس میں آپریشنل منصوبہ بندی اور مالی ماڈلنگ شامل ہے، جو مکمل ہوچکی ہے۔ فیز ٹو کے تحت بولی کے دستاویزات کی تیاری اکتوبر 2025 تک مکمل کرلی جائے گی۔

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق بسوں کی فراہمی اور آپریشنز کی خریداری کا عمل دسمبر 2025 میں شروع ہوگا جبکہ سروس کا آغاز دسمبر 2027 میں کیا جائے گا، فیز ٹو توسیع مرحلہ 7 کلومیٹر پر محیط ہے اور اس کا بجٹ 118 ملین ڈالر رکھا گیا ہے

تعلیم بہتری منصوبہ

 پرائمری اسکولوں میں مطالعے کی مہارت اور طلبہ کے برقرار رہنے کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے 12 اضلاع کی 295 اسکولوں کے لیے ٹھیکے دیے جاچکے ہیں جن میں سے 260 اسکول زیر تعمیر ہیں۔ سولر پینلز، فلٹریشن یونٹس، اسکول فرنیچر اور کیو آر کوڈ پر مبنی تعلیمی مواد کی خریداری جاری ہے جسے نومبر 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

کلک اور نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام

کمپیٹیٹیو اینڈ لیویبل سٹی آف کراچی (کلک) منصوبہ شہری نظم و نسق، ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور ٹھوس کچرے کے انتظام کو بہتر بنا رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک گھر گھر سروے کے ذریعے 18 لاکھ جائیدادوں کا اندراج کیا جاچکا ہے۔ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ اور عالمی بینک کی کنٹری چیف نے اتفاق کیا کہ ان منصوبوں کو بروقت عوامی فائدے کے لیے مکمل کرنے کے لیے قریبی رابطے کے ساتھ مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

ریڈ لائن منصوبہ کیا ہے

ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر عالمی اداروں کے مالی اشتراک بننے والے کراچی ریڈ لائن بس منصوبہ ( بی آر ٹی ) کی منظوری 2019 میں دی گئی تھی، اس پر عملی طور پر آغاز مارچ 2022 میں ہوا تھا۔

 ابتدائی طور پر منصوبے کی تکمیل کے لیے 30 ماہ دے کر جون 2024 کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، بعد ازاں اس منصوبے کی تکمیل کی تاریخ تبدیل کرکے جون 2026 کی نئی تاریخ دی گئی۔

2026 میں بھی اس منصوبے کے مکمل ہونے کے امکانات کم نظر آرہے ہیں، اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر منصوبہ 2027 میں مکمل ہو پائےگا۔

منصوبے کے تحت کراچی کے ملیر ہالٹ سے بذریعہ یونیورسٹی روڈ نمائش چورنگی تک 27 کلومیٹر طویل  ایک مخصوص کوریڈور بنایا جائے گا، جس پر صرف اس منصوبے کی بسیں چلیں گے۔

کوریڈور پر 24 ایئرکنڈیشنڈ بس سٹیشنز  قائم کیے جائیں گے، جہاں ٹکٹنگ مشینیں اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی، اس منصوبے کے مکمل ہونے پر اس روٹ پر روزانہ 213 ماحول دوست بسیں چلائی جائیں گی، جن میں تین لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے۔

ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لیے شہر کی انتہائی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ پر تقریباً 15 کلومیٹر تک سڑک کو جگہ جگہ تنگ کرنے، تعمیراتی سامان روڈ پر رکھنے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑنے کے باعث روزمرہ کا سفر کرنے والوں کے لیے  گھنٹوں کی تاخیر اب روز کا معمول بن چکی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں