جاپان کے خلاف بھارت کی سانسیں اٹک گئیں، آخری اوور میں فیصلہ

فہرستِ مضامین

جاپان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بھارتی ٹیم محض 2 رنز کے معمولی فرق سے کامیاب ہوگئی، کمزور سمجھی جانے والی جاپانی ٹیم نے مضبوط بھارتی سائیڈ کو آخری گیندوں تک دباؤ میں رکھا۔

جاپان کے شہر سانو میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث صرف 5 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم جاپانی بولرز کے سامنے بھارتی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی۔

بھارتی ٹیم مقررہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 32 رنز بنا سکی۔ کپتان شریاس ایئر نے 16 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ سنجو سیمسن نے 9، ایشان کشن نے 3 اور تلک ورما نے ایک رن بنایا۔ ابھیشیک شرما کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

جاپان کی جانب سے چارلی ہاراہنزے نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 اوورز میں 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابراہیم تاکاہاشی اور بینجمن ایتو ڈیوس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

32 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جاپانی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی اور میچ کو دلچسپ بنا دیا، تاہم مقررہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز تک محدود رہی اور بھارت نے 2 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔

جاپان کے کپتان کینڈل فلیمنگ نے 12، بینجمن ایتو ڈیوس نے 9 جبکہ تاکاہاشی نے 3 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ یہ جاپان کی بھارت کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا، جس میں جاپانی ٹیم نے محدود اوورز کے میچ میں مضبوط بھارتی ٹیم کو سخت مقابلہ دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں