جماعت اسلامی کا اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان

فہرستِ مضامین

ملتان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا، تاہم واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف اپنی احتجاجی تحریک ختم نہیں کرے گی۔

ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عام آدمی پر پڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث حکومت پر دباؤ بڑھا، جبکہ جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت کو مختلف تجاویز بھی دیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے تحت پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں کرسکتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکس اور لیوی ختم کردے تو جماعت اسلامی اپنا دھرنا اور احتجاج ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے بقول پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ لانگ مارچ سے قبل حکومتی وزرا سے تین سے چار مرتبہ مذاکرات ہوئے، تاہم حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف جماعت اسلامی کے مطابق ناکافی ہے، اس لیے احتجاجی تحریک سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی سے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی اور یقین دہانی کرائی کہ وطن واپس پہنچ کر جماعت اسلامی سے ملاقات کریں گے اور پٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی وطن واپسی تک لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم تحریک ختم نہیں کی گئی۔ وزیراعظم سے ملاقات میں پٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات ہوگی اور حکومت سے تحریری یقین دہانی بھی لی جائے گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں