جنگ سے پہلے مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں لے آئے تھے: محمد اورنگزیب

فہرستِ مضامین

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لے آئی تھی، تاہم ایران امریکا جنگ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت کے تمام اہم اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، جبکہ ایف بی آر نے ستمبر سمیت پہلی سہ ماہی کے ٹیکس وصولی اہداف بھی حاصل کیے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور پائیدار معاشی استحکام کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ ان کے مطابق رواں سال کے اختتام تک پاکستان کی ریٹنگ بی پلس ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نئی معیشت، مصنوعی ذہانت اور ویب تھری پر بھی کام کر رہی ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ غیر ملکی کمپنیوں کے علاوہ ترکیہ اور سعودی عرب کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم سیاسی استحکام کے لیے تمام فریقین کو بیٹھ کر بات کرنی چاہیے اور آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت ایک دن رکنے سے 120 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ تنخواہ دار اور کارپوریٹ طبقہ کب تک بوجھ اٹھائے گا، اب ٹیکس قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور انفورسمنٹ کی جانب جانا ہوگا۔

ان کے مطابق ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں اور تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے مساوی ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لے آئی تھی، تاہم ایران امریکا جنگ کے اثرات کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں