اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جہاں عدالت نے فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی آئندہ سماعت پر پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی حیثیت میں یا بذریعہ ویڈیو لنک عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
سماعت کے دوران سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔