پاکستانی اداکارہ و ماڈل حرا خان نے اداکارہ صبا فیصل کے طلاق سے متعلق حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ان پر طنز کیا ہے۔
حرا خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں صبا فیصل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’جنازے اٹھانے سے بہتر ہے کہ والدین اپنے سر جھکا لیں۔‘‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ یہ بات پہلے بھی کہہ چکی ہیں اور ایک بار پھر کہتی ہیں کہ صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اداکارہ زویا ناصر نے بھی صبا فیصل کے بیان پر ردِعمل دیا۔ سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، یہ کتنا خطرناک اور پیچیدہ بیانیہ ہے۔‘‘
حرا خان اور زویا ناصر کا ردِعمل صبا فیصل کی ایک ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں وہ طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں پر گفتگو کرتی دکھائی دی تھیں۔
صبا فیصل نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے طلاق کو پورے خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ واقعہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کے مطابق خاندان طویل عرصے تک یہ سوچتا رہتا تھا کہ آخر کیا غلط ہوا، جبکہ بیٹی کی شادی ختم ہونے پر والد بھی شرمندگی محسوس کرتے اور لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے تھے۔
اداکارہ نے ماضی کے ان رویوں کا موجودہ معاشرتی حالات سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اب بعض معاملات میں طلاق کو نسبتاً معمولی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک طلاق یافتہ خاتون کے بیرونِ ملک سفر کرکے ذہن صاف کرنے اور زندگی دوبارہ شروع کرنے کی مثال بھی دی۔
صبا فیصل کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شادی، طلاق، والدین کی توقعات اور بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں کے حوالے سے بحث چھڑ گئی، جس میں شوبز سے وابستہ متعدد افراد نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔