حرمین شریفین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

فہرستِ مضامین

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی، خوشحالی اور کامیابیاں پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی تاریخی، دیرینہ اور آزمودہ برادرانہ وابستگی پر فخر ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن و سلامتی کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان ایسے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت، تقدس اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اپنے مشترکہ عزم کے تحت اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں