حوثی حملوں کے بعد کور کمانڈرز کانفرنس میں سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

فہرستِ مضامین

راولپنڈی: 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا۔

فورم نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک اور مشترکہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

کانفرنس میں افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا حقِ دفاع قرار دیا گیا۔ فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر حکمرانی، عوام سے رابطہ، پولیس کی استعدادِ کار میں اضافہ اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں داخلی استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ فورم نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش سے قانون کے مطابق فیصلہ کن انداز میں نمٹا جائے گا۔

کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پیش رفت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مضبوط بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور مختلف جنگی شعبوں کے باہمی انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل بہتری کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اجلاس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں