حکومت کیخلاف توہین عدالت کیس، عظمیٰ خان کی درخواست سماعت کے لیے منظورِ؟

فہرستِ مضامین

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے حکومت کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کردیا گیا ہے، جس کے بعد درخواست کو باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا۔

عظمیٰ خان نے عمران خان کو علاج اور طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے ضروری میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں۔

رجسٹرار آفس کا اعتراض کیا تھا؟

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اعتراض میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار نے فریقین کے خلاف توہین عدالت کے الزامات کی تفصیل یا فہرست فراہم نہیں کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اعتراض دور کرکے درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی، جس کے بعد رجسٹرار آفس نے اسے نمبر الاٹ کردیا ہے۔

عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست کو 8/2026 نمبر دیا گیا ہے۔

اس معاملے پر گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کوشش کی تھی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں