حیدرآباد میں انسداد پولیو مہم کے دوران سنگین غفلت اور جعلی اندراج کے انکشاف پر محکمہ صحت کے 3 ویکسی نیٹرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 70 کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین کے مطابق، ایک آٹھ ماہ کی بچی جو پریٹ آباد کی رہائشی تھی 18 اگست کو طبیعت خراب ہونے پر چار دن بعد اسپتال لائی گئی۔ 25 اگست کو لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ بچی 28 اگست کو انتقال کر گئی۔
واقعے کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پولیو ویکسین کی رپورٹ میں جعلی اندراج کیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع میں پولیو مہم کے دوران 5000 اہلکاروں پر مشتمل عملہ تعینات تھا، جن میں تین رکنی 70 ٹیموں کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی، جس پر ان ٹیموں کو فوری طور پر تبدیل کر دیا گیا۔
غفلت کے مرتکب پانچ ویکسی نیٹرز کو برطرف کر کے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔