حیدرآباد: سندھ کے معروف صحافی اور مصنف علی گل چھچھر کی ایک ہفتہ قبل تھدی سڑک پر ہونے والے مبینہ روڈ حادثے میں ہلاکت معمہ بن گئی ہے، جس پر ان کے اہل خانہ اور صحافتی برادری نے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد جی او آر تھانے کے ایس ایچ او مظہر سومرو نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او کے مطابق تحقیقات جاری ہیں کہ آیا علی گل چھچھر کی موٹر سائیکل کو کسی بھاری گاڑی نے ٹکر ماری یا نہیں۔
صحافی رہنماؤں نے کہا ہے کہ “ہمارے دوست کی زندگی ایک حادثے کی صورت میں ہم سے چھین لی گئی، ہم اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔”
واضح رہے کہ علی گل چھچھر گزشتہ ہفتے ایک مبینہ سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔