تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے دوران کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی یا حملے کی کوشش کی گئی تو اس کا جواب انتہائی سخت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
یہ انتباہ ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے کمانڈر علی عبداللہی کی جانب سے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور ایران بھر سے لاکھوں افراد کے تہران پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق ہفتے سے تہران میں نمازِ جنازہ اور تدفین کی مرکزی تقریبات کا آغاز ہوگا، جبکہ جمعہ کے روز ہی بڑی تعداد میں زائرین، عوام اور غیر ملکی مہمان دارالحکومت پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ توقع ہے کہ جمعہ کے اجتماعات میں آیت اللہ خامنہ ای کی زندگی، خدمات اور قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
کمانڈر علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور دشمن کی کسی بھی “غلط فہمی یا مہم جوئی” کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کے نتائج انہیں خود بھگتنا ہوں گے، جبکہ تمام فوجی یونٹس کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی ایران آمد بھی متوقع ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بھی تعزیتی تقریبات میں شرکت کے لیے ایران جائیں گے۔ اسی طرح چین کی پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین اور بھارت کی جانب سے ریاست بہار کے گورنر سید عطاء حسین کے ہمراہ بھارتی نائب وزیر خارجہ پابیترا مارگریٹا کی بھی تہران آمد متوقع ہے۔
ایران میں ان تقریبات کے موقع پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوج، پاسدارانِ انقلاب، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ اطلاعات ہیں کہ رسومات کے دوران ملک کی فضائی حدود بھی عارضی طور پر بند رکھی جا سکتی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے ایران کی نئی قیادت کے خلاف دیے گئے سخت بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کر چکے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔