پاکستانی اداکارہ اور میزبان ندا یاسر نے خواتین کو ہر تقریب کے لیے نیا لباس خریدنے کے بجائے الماری میں موجود کپڑوں کو دوبارہ پہننے یا نئے انداز میں تیار کروانے کا مشورہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ندا یاسر کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں وہ خواتین کو لباس اور کفایت شعاری کے حوالے سے مشورہ دیتی نظر آ رہی ہیں۔
ندا یاسر نے کہا کہ ہر تقریب کے لیے والدین یا شوہر سے نئے لباس کا مطالبہ کرنا ضروری نہیں، کبھی کبھار نیا جوڑا خریدنا ٹھیک ہے لیکن ہر بار نیا لباس لینا ضروری نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اکثر خواتین ایک مرتبہ لباس پہننے اور اس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد اسے دوبارہ پہننے سے گریز کرتی ہیں، حالانکہ اب ایسا زمانہ نہیں رہا۔
اداکارہ نے مشورہ دیا کہ اگر کوئی لباس دوبارہ اسی انداز میں نہیں پہننا چاہتیں تو اسے نئے ڈیزائن یا مختلف اسٹائل میں تیار کروایا جاسکتا ہے۔
ندا یاسر نے کفایت شعار لوگوں کو سراہتے ہوئے اپنی مثال بھی دی۔ ان کے مطابق ان کی شادی کو تقریباً 25 سال ہونے والے ہیں اور شادی کے بعد خریدا گیا مضبوط لکڑی کا فرنیچر آج بھی ان کے پاس موجود ہے، جسے وہ وقتاً فوقتاً نئے ڈیزائن میں تیار کرواتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح پرانے کپڑوں کو بھی نئے انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے، جس سے غیر ضروری اخراجات سے بچا جاسکتا ہے۔