خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر غور، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

فہرستِ مضامین

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر غور کے لیے آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف کی زیرصدارت ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزرا اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کے حکام خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ ہونے کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی، جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا کے سابق قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ان تجاویز میں صوبے کے بعض اہم اختیارات وفاقی حکومت کے استعمال میں دینے کا معاملہ بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کی متعلقہ دفعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن کے تحت مختلف ہنگامی آئینی اقدامات سے متعلق امور پر غور کیا جاسکتا ہے۔

تاہم اجلاس میں حتمی فیصلے اور ایمرجنسی کے ممکنہ دائرہ کار سے متعلق تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں