پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 18 اپریل 2026 کو خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، اپر و لوئر دیر اور اپر و لوئر چترال کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے فوری اور مؤثر ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی حکام کو حساس مقامات اور خطرے سے دوچار آبادیوں کی نشاندہی مکمل کرنے اور ندی نالوں و دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو پیشگی آگاہی دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ادارے نے خطرے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے بروقت انخلاء، ریلیف کیمپس کے قیام اور وہاں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو بھی اپنے مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کہا گیا ہے۔
مزید برآں، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب ٹریفک کی نقل و حرکت محدود کرنے، متاثرین کو بروقت طبی امداد اور ریلیف سامان کی فراہمی یقینی بنانے اور بارشوں کے باعث سڑکوں پر ممکنہ رکاوٹوں کی فوری بحالی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی آلات حساس مقامات پر پہلے سے پہنچانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ فراہم کرنے کا پابند بنایا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری اطلاع دیں۔