پاکستان پیپلز پارٹی نے قانون سازی کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، جس میں قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی قرارداد کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملات پر اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں پیپلز پارٹی گورنر راج کی قرارداد کے حق میں ووٹ دے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی نے قانون سازی کے بائیکاٹ کے خاتمے کا فیصلہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف قانونی اقدامات کی منظوری میں بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یوں پیپلز پارٹی کے اس فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق قرارداد پر قومی اسمبلی میں پیش رفت کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم قرارداد کی منظوری اور اس کے بعد کے اقدامات کا انحصار پارلیمانی کارروائی پر ہوگا۔