خیرپور کے قریب مسلح افراد کا گاؤں جمعو پھلپوٹو پر حملہ، ایک شخص ہلاک، تین زخمی
خیرپور: اکانامک زون تھانے کی حدود میں جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے گاؤں جمعو پھلپوٹو پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے ایک گھر پر راکٹ لانچر فائر کیا، جس کے نتیجے میں گھر کے مالک شہمیر عرف مرچو ولد عنایت پھلپوٹو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ عمران پھلپوٹو اور حاجن پھلپوٹو شدید زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر جب پولیس موقع پر پہنچی تو پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس حکام کے مطابق پھلپوٹا برادری کے یار محمد پھلپوٹو اور بدنام ڈاکو رحیم بخش عرف رحو پھلپوٹو کے درمیان پرانا خونی تنازع چل رہا ہے، جس کے باعث ڈاکوؤں کے گروہ نے گاؤں پر چڑھائی کر کے ایک شخص کو قتل اور تین کو زخمی کر دیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ پولیس کی اضافی نفری طلب کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔