نئی دہلی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کسی دباؤ میں آکر ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی امریکا یا کسی دشمن کے سامنے گھٹنے ٹیکیں گے۔
نئی دہلی میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران بیک وقت امریکا اور اسرائیل کے دباؤ کا مقابلہ کررہا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کو دھمکیوں اور دباؤ کے ذریعے جھکانے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم ایرانی عوام دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق اگر ایران کو دباؤ میں لایا گیا تو وہ بھی جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل پر شہریوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر مقابلہ کرنا ہے تو فوجی اہداف تک محدود رہنا چاہیے، عام شہریوں، سائنسدانوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کے روزگار، ذرائع معاش اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا اور ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ مسعود پزشکیان برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمعے کو بھارت پہنچے ہیں۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔