دوحہ میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان اہم مذاکرات آج ہوں گے، قطر کی ثالثی میں سرحدی کشیدگی پر بات چیت متوقع

فہرستِ مضامین

دوحہ: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان اہم مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی کشیدگی اور سیکیورٹی امور پر بات چیت کی جائے گی۔ یہ مذاکرات قطر کی ثالثی میں ہو رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، افغان طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری کردہ معلومات میں بتایا گیا ہے کہ افغان وفد کی قیادت امارتِ اسلامیہ کے وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں، جب کہ پاکستان کی جانب سے متعدد سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

اگرچہ پاکستان کی طرف سے اب تک مذاکرات سے متعلق سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سرحدی تناؤ کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت طے پا چکی ہے۔

پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ مذاکرات متوقع ہیں لیکن وقت اور مقام کی تصدیق سے گریز کیا گیا۔ دوسری جانب طلوع نیوز نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے مذاکرات کا مقام دوحہ بتایا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو پرامن طور پر حل کرنے کے لیے قطر نے ثالثی کی پیشکش کی ہے، اور وہ فریقین سے سنجیدہ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں امن، بارڈر مینجمنٹ، اور انسداد دہشتگردی تعاون کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں