راولپنڈی میں خاتون کا مبینہ قتل، شوہر اور گھریلو ملازم گرفتار

فہرستِ مضامین

راولپنڈی: تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں ایک خاتون حنا کی مبینہ طور پر بہیمانہ قتل کی گئی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شادی تقریباً 9 ماہ قبل فیصل اصغر سے ہوئی تھی۔ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں خاتون کے شوہر، سسر اور گھریلو ملازم کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق حنا کی لاش باتھ روم سے ملی، اس کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے جبکہ منہ پر کپڑا بندھا ہوا تھا۔ مقتولہ کے گلے میں تار بھی بندھی ہوئی تھی اور اس کے منہ سے خون اور جھاگ نکل رہی تھی۔

مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اسے بہن کے سسر کی جانب سے فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد وہ گھر پہنچا تو حنا کی لاش باتھ روم میں پڑی ہوئی تھی۔

مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حنا کو شوہر، سسر اور گھریلو ملازم نے مبینہ طور پر اذیتیں دے کر قتل کیا۔ مقدمے میں یہ شبہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ قتل سے قبل مقتولہ کو کوئی زہریلی چیز کھلائی گئی، جبکہ ملزمان نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

اہل خانہ کے مطابق مقتولہ کو اس کا شوہر پہلے بھی مبینہ طور پر تشدد اور اذیت کا نشانہ بناتا رہا تھا۔ خاندان نے مزید دعویٰ کیا کہ فیصل اصغر کی یہ دوسری شادی تھی اور اس کی پہلی بیوی بھی مبینہ گھریلو تشدد اور اذیتوں کے باعث طلاق لے چکی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد مقتولہ کے سسر اصغر علی کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ متاثرہ خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بھی گرفتار کرکے تفتیش کا حصہ بنایا جائے۔

اہل خانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب پولیس واقعے کی شفاف تحقیقات کرے گی اور انصاف کی فراہمی کے لیے قانون کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں