راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 333 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا، جہاں سعود شکیل 42 اور سلمان آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 300 رنز تک پہنچایا، تاہم 316 رنز پر سلمان علی آغا 45 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں سعود شکیل بھی 66 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے مہاراج کا شکار بنے، جب کہ ساجد خان اور ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی بھی مہاراج کی گھومتی گیندوں کا سامنا نہ کر سکے۔
پہلے دن کے نمایاں اسکوررز میں کپتان شان مسعود 87، عبداللہ شفیق 57، اور امام الحق 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ بابر اعظم نے 16 اور محمد رضوان نے 19 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 7، سمن ہرمر نے 2، اور کگیسو ربادا نے 1 وکٹ حاصل کی۔