رضوان اور امام الحق مشکل میں، پی سی بی کی سخت کارروائی کا امکان

فہرستِ مضامین

لاہور: دورۂ انگلینڈ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم سے ریلیز کیے جانے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو دورۂ انگلینڈ سے واپس پاکستان بھیجنے کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے، جبکہ امام الحق سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مبینہ جعلی انجری کے معاملے کے باعث امام الحق کے خلاف تحقیقات کی جا سکتی ہیں اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں انہیں ایک سے دو سال کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پی سی بی کو وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ڈسپلن سے متعلق شدید تحفظات ہیں، جس پر آئندہ چند روز میں ان سے وضاحت طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد رضوان سے معاملے پر باز پرس کی جا سکتی ہے، جبکہ مستقبل قریب میں ان کی پاکستان کی کسی ٹیم میں شمولیت کے امکانات بھی کم دکھائی دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی تحقیقات اور انکوائری کے نتائج کی روشنی میں محمد رضوان کے خلاف بھی مزید سخت کارروائی کیے جانے کا امکان موجود ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں