رنویر سنگھ کی فلم میں شہید بینظیر بھٹو کی تصویر

فہرستِ مضامین

بالی ووڈ کے سپر اسٹار رنویر سنگھ کی نئی پاکستان مخالف فلم  ‘دھرندر’ میں شہید بینظیر بھٹو، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے جھنڈے اور بینرز کو بھی استعمال کیے جانے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

اس سے قبل فلم کے ٹیزرز میں پاکستانی پرچم بھی دکھائے گئے تھے۔  ‘دھرندر’ کے کرداروں اور ایکشن کے مناظر پر مبنی نئے جاری کردہ  ٹیزر میں پیپلزپارٹی کے جھنڈے اور بینظیر بھٹو کی تصویر بھی دکھائی گئی ہے۔

فلم میں پاکستان مخالف بیانیہ ہوگا؟

فلم کے نئے ٹیزر میں مرکزی کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جن میں رنویر سنگھ، سنجے دت، اکشے کھنہ اور ارجن رام پال سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کے مناظر اور کرداروں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں پاکستان مخالف بیانیے کو پیش کیا گیا ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے مناظر کی ویڈیو میں پاکستان پولیس کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

پاکستان پولیس کی جانب سے سنجے دت کے کردار کو گرفتار کرنے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ رنویر سنگھ کی جانب سے قتل و غارت گری کرنے کے مناظر بھی ممکنہ طور پر پاکستانی علاقوں میں دکھائے گئے ہیں۔

پاکستانی پرچم دکھانے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

مذکورہ مناظر سے قبل فلم کی شوٹنگ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں پاکستانی پرچم کو لہراتے دیکھا گیا تھا، جس پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے رنویر سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے لکھا تھا کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ کا بائیکاٹ کیا گیا، اب ایسے لوگ رنویر سنگھ کا بائیکاٹ کیوں نہیں کر رہے؟

اب اسی فلم کے مناظر میں پیپلز پارٹی کے بینرز، پوسٹرز، جھنڈے اور بینظیر بھٹو کی تصاویر سمیت پاکستانی پولیس کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی کے بعض مناظر پاکستان میں بھی دکھائے جائیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ‘دھرندر’ کی کہانی کیا ہے لیکن بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ فلم میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایک اہلکار کے انتہائی خفیہ اور بڑے مشن کو دکھایا جائے گا جو کہ قومی سلامتی کے معاملات پر کئی سازشوں کو بے نقاب کرتے دکھائی دیں گے۔

بعض رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ ہی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کے روپ میں نظر آئیں گے اور ماضی کی متعدد فلموں کی طرح اس فلم میں بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلا جائے گا۔

چالیس سالہ رنویر سنگھ  ‘دھرندر’ میں بیس سالہ اداکارہ سارا ارجن کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے بھی نظر آئیں گے، اس بات کو لے کر بھی فلم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

چھ جولائی کو فلم کے رلیز کردہ پہلے ٹیزر میں رنویر سنگھ  سارا ارجن کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے نظر آئے۔ کچھ لوگوں نے تبصرہ کیا کہ رنویر رومانس سین میں سارہ کے ہیرو کے بجائے ان کے انکل زیادہ  لگ رہے ہیں۔

رنویر سنگھ کی ‘دھرندر’  پانچ دسمبر کو رلیز ہوگی.

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں