فٹ بال کی دنیا پر دو دہائیوں سے زائد عرصے تک حکمرانی کرنے والے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، تاہم دونوں سپر اسٹارز کے ریٹائرمنٹ پلان میں واضح فرق نظر آتا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے سال کی جانب اشارہ دے دیا ہے، جبکہ لیونل میسی نے تاحال کوئی حتمی تاریخ دینے سے گریز کیا ہے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی جسمانی حالت اور کارکردگی سے مشروط کر رکھا ہے۔
رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا
امریکی سپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق رونالڈو نے ’ووگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیزن غالباً ان کے کیریئر کا آخری سال ہوگا اور وہ فٹ بال سے ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کا سعودی کلب النصر کے ساتھ معاہدہ جون 2027 تک ہے، جس کے باعث ان کے بیان کو 2026-27 سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کے ممکنہ فیصلے سے جوڑا جا رہا ہے۔ تاہم پرتگالی اسٹار نے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
رونالڈو اس سے قبل بھی ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ وہ کہہ چکے ہیں کہ ممکنہ طور پر ایک یا دو سال مزید کھیل سکتے ہیں اور 2026 ورلڈ کپ کو اپنا آخری عالمی کپ قرار دے چکے ہیں۔
تاہم ورلڈ کپ میں پرتگال کے سفر کے اختتام کے باوجود رونالڈو نے فوری طور پر پروفیشنل فٹ بال کو خیرباد نہیں کہا۔
میسی نے فیصلہ کس پر چھوڑا؟
دوسری جانب لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کے لیے کسی مخصوص سال یا تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم ان کے حالیہ بیان نے مداحوں کو ضرور تشویش میں مبتلا کیا ہے۔
39 سالہ میسی نے اپنے والد خورخے میسی کے انتقال کے بعد ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ انہیں اب یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ مزید کتنے عرصے تک فٹ بال کھیلتے رہیں گے۔
ارجنٹائن کے کپتان اس وقت انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کا معاہدہ دسمبر 2028 تک ہے۔ اس لحاظ سے ان کے پاس رونالڈو کے مقابلے میں زیادہ وقت موجود ہے، لیکن میسی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ عمر کی بنیاد پر نہیں کریں گے۔
میسی کے مطابق وہ اس وقت کھیل کو خیرباد کہیں گے جب انہیں محسوس ہوگا کہ وہ پہلے جیسی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے، ٹیم کی مدد کرنے کے قابل نہیں رہے یا کھیل سے لطف اندوز ہونا ختم ہوگیا ہے۔
کیا 2026 ورلڈ کپ دونوں کا آخری ہوگا؟
2026 کا ورلڈ کپ ممکنہ طور پر فٹ بال کے ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کا آخری عالمی کپ ثابت ہوسکتا ہے۔ رونالڈو پہلے ہی اسے اپنا آخری ورلڈ کپ قرار دے چکے ہیں، جبکہ 2030 کے ورلڈ کپ تک میسی کی عمر 40 برس سے تجاوز کر جائے گی۔
رونالڈو کے حالیہ بیان کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ گئی ہیں کہ میسی بھی مستقبل قریب میں ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بڑا فیصلہ سنا سکتے ہیں۔
تاہم میسی کے سابقہ بیانات سے واضح ہے کہ ان کے لیے ریٹائرمنٹ کی گھڑی کسی مخصوص عمر یا تاریخ کے بجائے میدان میں اپنی کارکردگی اور کھیل سے جڑے جذبے پر منحصر ہوگی۔