زیادتی کے بعد قتل کی گئی فائزہ  چنہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ، موت زہر خورانی کے باعث ہوئی

فہرستِ مضامین

نوشہروفیروز کے شہر محبت ڈیرو میں  زیادتی  کا نشانہ بنانے کے بعد مبینہ طور پر  قتل کی جانے والی لڑکی فائزہ چنہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

کنڈیارو ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر زرقا ابڑو نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کے حوالے کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائزہ چنا کی موت کوئی زہریلی چیز کھانے کی وجہ سے ہوئی ہے، حتمی رپورٹ کے لیے  اجزا روہڑی لیب کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فائزہ چنہ کے جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں ملے۔

تین روز قبل محبت ڈیرو میں فائزہ چنا کی پراسرار موت کی اطلاع ملی تھی۔ ورثاء کا موقف ہے کہ ملزم لال ڈنو چنہ نے فائزہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور دونوں فریقین مقامی وڈیرے عزیز دہراج کے پاس فیصلے کے لیے گئے تھے۔

فائزہ کے ورثاء کے مطابق وڈیرےنے ملزم لال ڈنو چنہ  پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا اور اس کی فائزہ سے شادی کرنے کا فیصلہ بھی سنایا تھا۔ ورثاء کے مطابق ملزم لال ڈنو نے شادی سے بچنے کے لیے فائزہ کو زہر دے کر قتل کیا۔

جرگہ کرنے والا وڈیرہ مفرور

پولیس نے ملزم لال ڈنو چنہ اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ پولیس نے وڈیرے عزیز کے بھائی کو بھی حراست میں لیا ہوا ہے۔

ایس ایس پی نوشہرو فیروز روحیل کھوسو کا کہنا ہے کہ وڈیرے کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

فائزہ کے ورثاء کا کہنا ہے کہ فائزہ وڈیرے عزیز اللہ دہراج کے پاس امانت کے طور پر مقیم تھی، جہاں سے لال ڈنو اور اس کا بھائی اسے اپنے ساتھ لے گئے اور زہر دے کر قتل کر دیا۔

ڈبلیو ٹی این سے بات کرتے ہوئے وڈیرے عزیز اللہ دہراج نے بتایا تھا کہ فائزہ چنہ  میرے پاس امانت کے طور پر مقیم نہیں تھی بلکہ وہ میری ملازمہ تھی اور اس کے ورثا بھی میرے ملازم تھے اور بچی کی ساتھ زیادتی کے معاملے کا فیصلہ بھی میرے پاس ہوا تھا۔

وڈیرے  کا کہنا  تھا کہ اسے اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ فائزہ کو کیسے قتل کیا گیا۔

فائزہ کی موت کیسے ہوئی؟

پولیس ابھی تک یہ پتہ نہیں لگا سکی کہ فائزہ چنہ وڈیرے کے گھر سے کیسے نکلی، لال ڈنو اور اس کا بھائی مبینہ طور پر فائزہ کو وڈیرے کے گھر سے اپنے گھر کیسے لے گئے؟

کیا ملزم لال ڈنو اور اس کے بھائی نے فائزہ کو زبردستی زہر پلایا، یا اس نے انتہائی مایوسی کی حالت میں زہر کھا کر خودکشی کی؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب پولیس کو ابھی تک نہیں مل سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائزہ چنہ کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق جاننے کی امید ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ گرفتار ملزم لال ڈنو اور اس کا بھائی دوران تفتیش پولیس کے سامنے کیا موقف اختیار کرتے ہیں

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں