سیئول: ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنے سالانہ Galaxy Unpacked 2026 ایونٹ میں نئی نسل کے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز، جدید اسمارٹ واچز اور مستقبل کے اے آئی سمارٹ گلاسز کی رونمائی کرتے ہوئے گلیکسی مصنوعات کی نئی لائن اپ متعارف کرا دی۔
تقریب میں سب سے زیادہ توجہ گلیکسی زی فولڈ 8 نے حاصل کی، جسے پہلے کے مقابلے میں زیادہ چوڑا، مضبوط اور جدید ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو ویڈیوز دیکھنے، گیمنگ، ای بکس پڑھنے اور ملٹی ٹاسکنگ کا بہتر تجربہ مل سکے۔
سام سنگ نے ایونٹ کے دوران گلیکسی زی فولڈ 8، گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا، گلیکسی زی فلپ 8، گلیکسی واچ 9، گلیکسی واچ الٹرا 2 اور گوگل کے اشتراک سے تیار کیے جانے والے نئے سمارٹ گلاسز سے بھی پردہ اٹھایا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی ڈیوائسز میں مصنوعی ذہانت (AI)، جدید ڈیزائن، طاقتور ہارڈویئر اور بہتر گلیکسی ایکو سسٹم کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے تاکہ صارفین کو پہلے سے زیادہ مربوط اور اسمارٹ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
گلیکسی زی فولڈ 8
گلیکسی زی فولڈ 8 کی ابتدائی قیمت 1,900 ڈالر رکھی گئی ہے۔ پہلی بار اس میں 4:3 اسپیکٹ ریشو متعارف کرایا گیا ہے، جس سے فون زیادہ چوڑا اور استعمال میں زیادہ آرام دہ ہو گیا ہے۔
فون میں 5.5 انچ کا کور ڈسپلے اور 7.6 انچ کی اندرونی اسکرین دی گئی ہے، دونوں اسکرینز اینٹی ریفلیکٹو کوٹنگ اور 3,000 نٹس تک برائٹنیس کے ساتھ آتی ہیں، جس سے دھوپ میں بھی اسکرین واضح نظر آتی ہے۔
سام سنگ نے اس ماڈل میں نئی Flex Titanium Display ٹیکنالوجی استعمال کی ہے، جس کے باعث اسکرین پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئی ہے جبکہ فولڈ ہونے والی اسکرین پر آنے والی کریز بھی مزید کم کر دی گئی ہے۔
کمپنی نے صارفین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فون کے ہنج کو بھی نئے انداز میں ڈیزائن کیا ہے، جس سے اسے کھولنا پہلے سے آسان ہو گیا ہے۔

فون میں 4,800mAh سلکان کاربن بیٹری، 45 واٹ فاسٹ وائرڈ اور 20 واٹ وائرلیس چارجنگ دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق صرف 30 منٹ میں بیٹری 63 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ میں 50 میگا پکسل وائڈ اور 50 میگا پکسل الٹرا وائڈ لینز شامل ہیں جبکہ اندرونی اور بیرونی اسکرین پر 10،10 میگا پکسل سیلفی کیمرے دیے گئے ہیں۔
گلیکسی زی فولڈ 8 کو Snapdragon 8 Elite Gen 5 for Galaxy پروسیسر سے لیس کیا گیا ہے، جبکہ اس میں Galaxy AI کے نئے فیچرز، جن میں My Fan Cam اور Photo Assist شامل ہیں، بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا
سام سنگ نے اپنی فولڈ ایبل سیریز کا نیا فلیگ شپ گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا بھی متعارف کرایا، جس کی قیمت 2,100 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اب تک کا سب سے جدید اور طاقتور فولڈ ایبل اسمارٹ فون ہے، جس میں ڈیزائن، کارکردگی اور AI فیچرز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
گلیکسی زی فلپ 8
سام سنگ نے گلیکسی زی فلپ 8 بھی پیش کیا، جس کی قیمت 1,200 ڈالر رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق فون پہلے سے زیادہ پتلا اور ہلکا ہے جبکہ اس کے کور ڈسپلے کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ صارفین فون کھولے بغیر زیادہ کام انجام دے سکیں۔
نئی گلیکسی واچز

تقریب میں گلیکسی واچ 9 اور گلیکسی واچ الٹرا 2 بھی متعارف کرائی گئیں۔
سام سنگ کے مطابق نئی اسمارٹ واچز میں زیادہ طاقتور پروسیسر، بہتر بیٹری اور صحت سے متعلق جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ واچ الٹرا 2 کو خاص طور پر ایڈونچر اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
گوگل کے ساتھ AI سمارٹ گلاسز
سام سنگ نے اپنے آئندہ AI Smart Glasses کے بارے میں بھی نئی معلومات شیئر کیں۔
کمپنی کے مطابق یہ ڈیوائس گوگل کے اشتراک سے تیار کی جا رہی ہے جبکہ اس کے فریمز Warby Parker اور Gentle Monster کے تعاون سے ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔
اگرچہ سمارٹ گلاسز کے ڈیزائنز پیش کیے گئے، تاہم ان کی قیمت، مکمل فیچرز اور لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
فولڈ ایبل مارکیٹ میں سخت مقابلہ
ماہرین کے مطابق سام سنگ کی نئی مصنوعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی بھی بھرپور توقع کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ریسرچ ادارے Counterpoint Research کے مطابق 2026 میں فولڈ ایبل فونز کی عالمی فروخت میں 21 فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ سام سنگ تقریباً 32 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سرفہرست رہ سکتا ہے۔ دوسری جانب ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کی آمد کے بعد کمپنی کا مارکیٹ شیئر بھی تقریباً 25 فیصد تک پہنچنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔