کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ لیکن لازوال باب ہے، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو آٹھ سالہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں اور لاکھوں جیالوں نے کراچی میں ان کا فقید المثال استقبال کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے اور درجنوں کارکنوں کی شہادت کے باوجود بی بی شہید نے اپنی جدوجہد ترک نہ کی اور اپنے عوام کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ثابت کر دیا کہ جمہوریت کی راہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ سانحہ کارساز اُن قوتوں کی ناکامی کی علامت ہے جو عوام کی آواز کو دبانا چاہتی تھیں، مگر پیپلز پارٹی نے ان سازشوں کے باوجود جمہوریت، آئین اور عوامی حقِ حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھی، جو آج بھی پارٹی کے منشور کی بنیاد ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوریت کے دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ کارساز کے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سنہری باب ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔