کراچی ( ویب ڈیسک )سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی اور چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی کو ایک روزہ راہداری رمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
فرحان غنی، جو کہ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی اور چنيسر ٹاؤن کے چیئرمین ہیں،ان کے خلاف فیروزآباد پولیس نے دہشت گردی اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب اُن پر اور اُن کے ساتھیوں پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے زیر زمین آپٹیکل فائبر کیبل کے کام کی نگرانی کرنے والے ایک سپروائزر پر حملہ کیا۔
وزیر بلدیات سعید غنی نے ایکس ( سابق ٹوئٹر ) پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ان کے بھائی ٹاون چیئرمین فرحان غنی اور کچھ ساتھیوں کا گذشتہ روز کسی سھیل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا، جس کی ایف آئی آر کٹوائی گئی۔
سعید غنی کے مطابق ایف آئی آر اس شخص کا قانونی حق تھا، فرحان غنی سمیت تمام افراد خود گرفتاری پیش کرکے عدالت میں اپنی بیگناہی ثابت کرینگے۔
فرحان غنی کے خلاف مقدمہ
مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی فرحان غنی اور دیگر افراد کراچی کی فیروز آباد پولیس اسٹیشن پہنچے اور خود کو قانون کے حوالے کر دیا تھا۔
ایف آئی آر نمبر 843/2025 حافظ سہیل احمد جدون کی شکایت پر درج کی گئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہے تھے کہ اس دوران 20 سے 25 افراد گاڑیوں میں آئے۔
شکایت کنندہ کے مطابق، ان افراد میں انہوں نے فرحان غنی ولد عثمان غنی، قمر احمد خان، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان کو شناخت کیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق، ان میں سے ایک شخص نے انہیں بلایا اور پوچھا کہ یہ کھدائی کس کے حکم پر ہو رہی ہے۔ جدون کے مطابق انہوں نے اپنا تعارف کروایا اور وضاحت کی کہ یہ منصوبہ حکومت کا ہے اور تمام متعلقہ اداروں سے این او سی حاصل کیے جا چکے ہیں۔
اس وضاحت کے باوجود، شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ ان افراد نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی، مارپیٹ کی، اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
پولیس نے ان الزامات کی بنیاد پر فرحان غنی اور دیگر کے خلاف مارپیٹ، ہنگامہ آرائی، اقدام قتل، سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی سی) کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
فرحان غنی کا راہداری رمانڈ
فرحان غنی اور دیگر ملزمان کو اتوار کے روز کراچی کی خصوصی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر دہشت گردی اور سرکاری ملازم پر حملے جیسے سنگین الزامات ہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے ایک دن کا عبوری ریمانڈ مانگا تاکہ ملزمان کو پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جا سکے۔
عدالت نے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے فرحان غنی سمیت دیگر ملزمان کو ایک روزہ عبوری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
فرحان غنی پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ پی ایس 104 کے جنرل سیکریٹری ہیں، وہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں چنیسر ٹائون سے یوسی چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔