بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ گیم شو ’دس کا دم‘ کی میزبانی قبول کرنا ان کے کیریئر کا ایک اہم فیصلہ ثابت ہوا، حالانکہ ابتدا میں انہوں نے اس شو کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔
سلمان خان نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2008 میں نشر ہونے والے ’دس کا دم‘ کی میزبانی کی پیشکش انہوں نے پہلے قبول نہیں کی تھی، تاہم ان کے والد اور معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کے مشورے نے انہیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔
بگ باس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے اپنی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’میں نے پیار کیا‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہوں نے ٹیلی ویژن پر آنے کا فیصلہ کیا۔
اداکار کے مطابق اس وقت ان کے حوالے سے میڈیا میں منفی خبریں اور تبصرے سامنے آرہے تھے۔ عدالتی مقدمات، ذاتی زندگی اور فلمی کیریئر سمیت مختلف معاملات پر انہیں مسلسل تنقید کا سامنا تھا۔
سلمان خان نے بتایا کہ اسی صورتحال کے باعث انہوں نے ’دس کا دم‘ کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم والد سے مشورہ کرنے پر سلیم خان نے انہیں شو کرنے اور اس میں خود کو حقیقی انداز میں پیش کرنے کا مشورہ دیا۔
اداکار کے مطابق ’دس کا دم‘ کی میزبانی کے بعد لوگوں کی توجہ ان کی سابقہ فلموں اور تنازعات سے ہٹ کر شو پر مرکوز ہوگئی اور یہ پروگرام ان کی عوامی شناخت میں تبدیلی کا اہم ذریعہ بن گیا۔
’دس کا دم‘ سلمان خان کے ٹی وی کیریئر کا ایک نمایاں مرحلہ ثابت ہوا اور بعد ازاں ٹیلی ویژن پر ان کی مقبولیت نے ان کے کیریئر کو ایک نئی جہت دی۔