کراچی: سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن محمد عامر صدیقی کی جانب سے صوبے بھر میں مردہ مرغی کے گوشت کی فروخت اور فوڈ اتھارٹی کی ناکامی کے خلاف تحریک التوا جمع کروا دی گئی ہے۔ تحریک میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
تحریک التوا میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں مضرِ صحت اور مردہ مرغی کا گوشت عوام کو کھلایا جا رہا ہے جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ حالیہ کارروائی کے دوران کراچی سے 80 کلو مردہ مرغی کا گوشت برآمد کیا گیا، جو عوامی شکایت پر پولیس نے تحویل میں لیا، جب کہ فوڈ اتھارٹی موقع سے غائب رہی۔
ایم پی اے عامر صدیقی کا کہنا ہے کہ ہزاروں کے قریب کھانے پینے کے مراکز بغیر کسی ایس او پیز اور نگرانی کے کام کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کی صحت شدید خطرے میں ہے۔ انہوں نے تحریک میں مطالبہ کیا کہ صوبائی سطح پر سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صحت مند اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اپوزیشن اراکین نے بھی اس مسئلے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔