کراچی: صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر سندھ بھر میں ڈینگی اور ملیریا کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تمام ضلعی ہیلتھ افسران کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں فیومگ، اسپرے اور آگاہی سیشنز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔
صوبائی وزیر کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 819 جبکہ ملیریا کے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت کی تمام مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر اسپرے، لاروہ کش اقدامات، فیومنگ اور آگاہی پروگرامز جاری ہیں۔ اسکولوں، اسپتالوں، مارکیٹوں اور بس اسٹاپس پر آگاہی بینرز اور پمفلٹس لگائے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گھر گھر جا کر عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، تاکہ بیماریوں کی بروقت روک تھام ممکن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی اور احتیاطی تدابیر اپنا کر ان وباؤں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ عوامی تعاون سے ان بیماریوں پر جلد قابو پانا ممکن ہوگا۔
صحت کی ٹیمیں عوامی تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں، اور ڈینگی و ملیریا کی صورتحال کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔