سندھ حکومت وزارتِ لوٹ مار کو بھی باقاعدہ صوبائی کابینہ کا حصہ بنا دے: ایم کیو ایم پاکستان

فہرستِ مضامین

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے شہرِ قائد میں سٹریٹ کرائم کے سونامی اور ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کو گھات لگا کر لوٹنے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی دانستہ نااہلی اور کراچی کے عوام کو معاشی طور پر کنگال کرنے کی منظم سازش قرار دے دیا ہے، مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی کا کوئی محلہ اور کوئی شاہراہ اب محفوظ نہیں رہی مسلح ڈاکو اب صرف لوٹ مار نہیں کر رہے بلکہ مزاحمت پر شہریوں کا خون بہانے سے بھی گریز نہیں کر رہے، متحدہ اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ یہ محض امن و امان کی خرابی نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کو دیوار سے لگانے اور انہیں معاشی طور پر مزید مفلوج کرنے کی ایک ایسی پالیسی کا تسلسل ہے جس کی ڈوریاں ایوانِ اقتدار سے ہلائی جا رہی ہیں، حق پرست ارکانِ اسمبلی نے موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جس بے دردی سے شہر کو لٹیروں کے حوالے کیا گیا ہے اب سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ منافقت کا لبادہ اتار پھینکے اور وزارتِ لوٹ مار کو بھی باقاعدہ صوبائی کابینہ کا حصہ بنا دے، شہر میں ہونے والی لوٹ مار پولیس اور انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہو رہی ہے جو مجرمانہ خاموشی کا ثبوت ہے، مہنگائی کے مارے عوام سے ان کی رہی سہی جمع پونجی چھین کر انہیں خودکشیوں پر مجبور کیا جا رہا ہے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر کراچی کے شہریوں کو ان کے مینڈیٹ کی سزا دی جا رہی ہے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، اراکینِ سندھ اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان نے واضح کیا کہ اگر سندھ حکومت نے فوری طور پر اپنی روش نہ بدلی اور شہر میں قیامِ امن کے لئے ہنگامی اقدامات نہ کیئے تو عوام کا پیمانۂ صبر لبریز ہو جائے گا، اراکینِ سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو اب بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائے گا اور اس ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی، اراکینِ صوبائی اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران یاد رکھیں کہ جب ریاست ڈاکوؤں کی ڈھال بن جائے تو پھر عوام اپنا تحفظ خود کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور وہ وقت اب دور نہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں