کراچی، 30 اگست 2026: سندھ حکومت نے پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کے آئندہ مرحلے میں میرپورخاص کی خواتین میں اسکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام میں خواتین بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں اور اب تک 50 ہزار سے زائد خواتین اس پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کراچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو اسکوٹی چلانے اور متعلقہ امور کی تربیت فراہم کی جاچکی ہے، جبکہ تربیتی عمل کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ انداز میں اسکوٹی چلانے کے قابل بنایا جائے تاکہ وہ اپنی روزمرہ نقل و حرکت میں خودمختار ہوسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 پنک الیکٹرک اسکوٹیز مختص کی گئیں۔ اب تک 810 سے زائد اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں، جن میں کراچی میں 410، سکھر میں 200 اور حیدرآباد میں 200 اسکوٹیز شامل ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت اس پروگرام کو بتدریج صوبے کے مختلف علاقوں تک وسعت دے رہی ہے اور آئندہ مرحلے کے دوران میرپورخاص میں خواتین کو پنک الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق اس حکومتی اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں آزادانہ اور محفوظ نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنا، خوداعتمادی میں اضافہ کرنا اور معاشی مواقع تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔