سندھ کے علاقے سجاول میں سمندر کنارے ہائیڈرو کاربن کے نئے ذخیرے کی پہلی کامیاب دریافت سامنے آگئی، جسے ملک کے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے مطابق ضلع سجاول، سندھ میں واقع کمپنی کے آپریٹڈ سرانی بلاک کے دریافتی کنویں ’’ڈولفن‘‘ سے گیس کے اہم ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق یہ لوئر انڈس بیسن کی جراسک دور کی چلتن فارمیشن سے ہائیڈرو کاربن کی پہلی دریافت ہے، جس سے علاقے میں موجود پیٹرولیم سسٹم کی تصدیق ہوگئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دریافت کے بعد سندھ کے خشکی پر واقع دلدلی علاقوں کے ساتھ ساتھ ممکنہ کم گہرے سمندری توسیعی علاقوں میں بھی تیل و گیس کی مزید تلاش کے نئے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
پی پی ایل نے اس پیش رفت کو پاکستان میں توانائی کے نئے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے ایک اہم ایکسپلوریشن فرنٹیئر قرار دیا ہے۔