سندھ میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت

فہرستِ مضامین

کراچی: سندھ میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے خلاف پولیس کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ نے کرائم ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرکے ان علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے، پٹرولنگ اور پکٹنگ بڑھانے جبکہ خصوصی نگرانی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں، تجارتی مراکز اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم بھی دیا۔

وزیر داخلہ نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی میں ملوث جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پولیس کو جرائم کے واقعات پر فوری ردعمل دینے اور شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی یقینی بنانے پر زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کے خلاف پولیس کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔

اجلاس میں پولیس کے مختلف شعبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں