کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کے کارکنوں نے احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیو کراچی کے سندھ ہوٹل اور فورکے چورنگی کے اطراف مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا، جس کے باعث پولیس نے فوری طور پر بھاری نفری تعینات کر دی۔
ولیس نے موقع پر پہنچ کر احتجاج، پھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کی کوشش کرنے والوں کو شیلنگ کے ذریعے منتشر کر دیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کے مطابق نیو کراچی میں صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور سندھ ہوٹل و فورکے چورنگی کے اطراف ٹریفک بھی بحال کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ احتجاج، پھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید 10 افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت کہیں بھی احتجاج نہیں ہو رہا، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں۔ نیو کراچی سے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا ہے اور پولیس ہر قسم کی ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لیے مکمل تیار ہے۔