کراچی : محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں ماہ کے دوران سندھ بھر میں ڈینگی کے 175 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے آغاز سے اب تک ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 819 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس دوران ایک ہلاکت بھی سامنے آئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے مطابق کراچی ڈویژن ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس ماہ 85 کیسز رپورٹ ہوئے۔ حیدرآباد میں 48، میرپورخاص میں 37 جبکہ سکھر میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ڈینگی کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت انسدادِ ڈینگی اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق کراچی سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر اسپرے اور فاؤگنگ کا عمل جاری ہے جبکہ اسپتالوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ڈینگی مریضوں کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔
وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی ایک قابلِ انسداد بیماری ہے، اگر گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تو اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر مشتبہ اور مصدقہ کیسز کی نگرانی کر رہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔