کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی دباؤ میں آکر فیصلے نہیں کرتی، ایم کیو ایم نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی کمیٹی میں حمایت کی تاہم اسمبلی میں آکر اس کی مخالفت شروع کردی۔
سندھ اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اسمبلی میں آج اپنی پرانی روایت برقرار رکھی، کمیٹی کے اجلاس میں بل کی حمایت کی اور ایوان میں پہنچ کر مخالفت شروع کردی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی تو بل براہِ راست بھی ایوان میں پیش کرسکتی تھی، تاہم تمام مراحل قانون کے مطابق مکمل کیے گئے۔
شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کر رہی ہے، کیونکہ اسے عوامی پذیرائی حاصل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی منظوری کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے شور شرابا کیا گیا، جبکہ پیپلز پارٹی کسی دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کر رہی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں لوکل گورنمنٹ کا نظام موجود ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظر انداز کیا۔
شرجیل میمن کے مطابق دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں میئر کو زیادہ اختیارات حاصل ہیں اور ایم کیو ایم شکست کے خوف کے باعث بلدیاتی انتخابات سے پیچھے ہٹی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے میں رہنے والے افراد بھی کراچی کے شہری ہیں اور شہر کے ہر علاقے کے رہائشی کراچی کا حصہ ہیں۔