اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ میں قتل کے مقدمات درج کرنے میں مبینہ تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر آئی جی سندھ خود عدالت میں پیش ہوں۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ڈی آئی جی سکھر کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے سندھ میں پولیس کی کارکردگی پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جزا اور سزا کا تصور نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس خود لوگوں کو بری کروا رہی ہے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ زیرِ سماعت کیس میں قتل کے دو روز بعد مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ کئی دیگر مقدمات میں بھی پولیس ایف آئی آر کے اندراج سے گریز کرتی ہے۔
جسٹس صلاح الدین نے سکھر اور لاڑکانہ میں صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی، جبکہ متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی گئی۔