سنگاپور پہلے نمبر پر، افغانستان آخری… پاکستان کی پوزیشن بھی سامنے آگئی

فہرستِ مضامین

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2026 کی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے، جس میں سنگاپور نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔ تازہ ترین ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کے شہری 192 ممالک اور خطوں میں پیشگی ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں، جو اسے دنیا کا سب سے مضبوط پاسپورٹ بناتا ہے۔

ہینلی پاسپورٹ انڈیکس مختلف ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر کرتا ہے کہ ان کے حامل افراد کتنی منزلوں تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے عالمی سطح پر سفری آزادی کا ایک معتبر اشاریہ تصور کیا جاتا ہے۔

درجہ بندی میں جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جہاں کے شہری 188 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ نتائج عالمی سطح پر ایشیائی ممالک کی بڑھتی ہوئی سفارتی طاقت اور بین الاقوامی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔

یورپ کے کئی ممالک بھی بدستور نمایاں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ ناروے، سوئٹزرلینڈ اور یورپی یونین کے متعدد رکن ممالک کے شہری 180 سے زائد ممالک میں ویزا فری رسائی رکھتے ہیں، جس کا سہرا باہمی سفری معاہدوں اور علاقائی تعاون کو دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں خاص طور پر متحدہ عرب امارات کی پیش رفت کو نمایاں کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اماراتی پاسپورٹ کے لیے 153 نئی ویزا فری منزلیں شامل ہوئیں، جس کے باعث یو اے ای دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی صف میں شامل ہو گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مؤثر سفارت کاری، عالمی شراکت داریوں اور دوطرفہ معاہدوں کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب افغانستان کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا، جہاں کے شہری صرف 22 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اس طرح سنگاپور اور افغانستان کے درمیان 170 ویزا فری منزلوں کا نمایاں فرق موجود ہے۔

رپورٹ میں شام، عراق، پاکستان اور یمن بھی ان ممالک میں شامل ہیں جن کے پاسپورٹس کو کمزور قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین اس کی بڑی وجوہات میں طویل سیاسی بحران، سیکیورٹی مسائل، سفارتی چیلنجز اور محدود ویزا معاہدوں کو قرار دیتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ عالمی سفری پالیسیوں میں مسلسل تبدیلی آ رہی ہے۔ حالیہ برسوں میں برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں کو چین میں ویزا فری داخلے کی سہولت دی گئی، جبکہ امریکی شہری اب بھی ان چند ترقی یافتہ ممالک کے باشندوں میں شامل ہیں جنہیں چین کے سفر کے لیے ویزا درکار ہوتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں