بنگوئی: وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی ایک کان بیٹھنے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کیمرون کی سرحد کے قریب واقع گاؤں زیمبوئے میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان اچانک بیٹھ گئی۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے اور کان چلانے والے افراد کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پڑوسی ملک کیمرون نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔