اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوامی سہولت کے لیے ایک نیا پبلک فیسلیٹیشن پورٹل فعال کر دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو عدالتی نظام سے متعلق معلومات تک آسان اور شفاف رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، یہ پورٹل سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر “Public Portal” کے نام سے دستیاب ہے، جہاں شہری اپنے کیسز کی تفصیلات، درخواستوں کی موجودہ حیثیت اور دیگر عدالتی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ، شہریوں کو شکایات درج کرانے اور مختلف نوعیت کی درخواستیں جیسے کہ ارلی ہیرنگ، ایڈجرنمنٹس اور ویڈیو لنک پٹیشنز کی مانیٹرنگ کا بھی موقع دیا گیا ہے، جس کے لیے “Application Status” کا الگ سیکشن بنایا گیا ہے۔
عوامی رہنمائی کے لیے سپریم کورٹ نے ہیلپ لائن 1818 بھی قائم کی ہے، جس کے ذریعے شہری براہِ راست معلومات اور رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی ایک الگ سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جسے “Overseas Litigants Portal” کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے سمندر پار پاکستانی اپنے عدالتی معاملات کو آن لائن مانیٹر کر سکیں گے۔
اسی پورٹل میں ایک فیڈبیک سیکشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے عوام عدالتی خدمات پر اپنی رائے دے سکیں گے، جب کہ اینٹی کرپشن رپورٹنگ میکانزم کے تحت شہری خفیہ شکایات بھی رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ کا یہ جدید قدم نہ صرف عدالتی نظام کو عوام کے قریب لانے کا ذریعہ ہے بلکہ شفافیت، جوابدہی اور سہولت کاری کی سمت میں ایک اہم پیش رفت بھی تصور کیا جا رہا ہے۔